’’الٰہی محبت ‘‘ ویو سٹوڈیو کی نئی پروڈکشن کی پْروقارتقریبِ رونمائی


’’الٰہی محبت ‘‘ ویو سٹوڈیو کی نئی پروڈکشن کی پْروقارتقریبِ رونمائی 
رابطہ منزل ۔ لاہور میں مورخہ 26جنوری 2018 بروز جمعہ یو سٹوڈیو کی نئی پروڈکش ’’الٰہی محبت ‘‘(یوخرستی گیتوں پر مبنی البم)
کی رونمائی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ 
اس تقریبِ سعید کے مہمانِ خصوصی فضیلت مآب آرچ بشپ جوزف ارشد (چئیرمین ۔قومی کمیشن برائے سماجی ابلاغِ عامہ)تھے جبکہ مہمانانِ گرامی ریورنڈفادر آصف جان (منتظمِ اعلٰی اور پروفیسر ۔میجر سیمنری ۔یوحنا آباد ،ایگزیٹو سیکرٹری قومی کمیشن برائے لطوریا ) سسٹر صوفیہ ( پروونشل آف سسٹرز آف چیرٹی آف جیزز اینڈ میری )اور سسٹر ریٹا( پروونشل آف ایف۔ایم۔ایم سسٹرز) تھیں۔
علاوہ ازیں فادر صاحبان،سسٹر صاحبات ،مختلف سکولوں کے پرنسپلز اور مومنین نے شرکت کی۔
عزت مآب بشپ جوزف ارشد نے ریورنڈفادر آصف جان اور ریورنڈ فادر قیصر فیروز ،(ڈائریکٹر ویو سٹوڈیو)کے ہمراہ’’الٰہی محبت‘‘(ڈی۔وی۔ڈی)، ویو سٹوڈیو کی نئی پروڈکشن کی رسمِ رونمائی ادا کرتے ہوئے جب ڈی وی ڈی کو بلند کر کے شرکاء کو دکھایا تو خیمہ ء اجتماع خو ش کن تالیوں سے گونج اُٹھا ۔ اس ڈی وی ڈی کو رونمائی کے لیے پیش کرنے کے لیے الطار کے خادمین(الٹر بوائز) کا انتخاب کیا گیا کیونکہ اقدس قربانی میں یہی خادمین سب سے قریب اور تبدل کے معجزے کے پہلے گواہ ہوتے ہیں نیز اس ڈی وی ڈی کو خوبصورت چنگیر اور صافے میں لپیٹ کر پیش کیا گیا ،جس کا مقصد یہ تھا کہ یہ محض گیت اور ڈی وی ڈی نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں خدا کا کلام ہے جو پاک یوخرست،یسوع المیسح ہمیشہ کی زندگی کی روٹی کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ 
حرفِ آغاز بیان کرتے ہوئے فادر قیصر فیروز نے تمام شْرکاء کو گرم جوشی سے خو ش آمدید کہا اور بتایا کہ ویو سٹوڈیو کی یہ نئی کاوش یقیناً ہمارے لیے ایمانی تقویت کا باعث بنے گی کیونکہ اس البم میں جہاں نئے یوخرستی گیت شامل کیے گئے ہیں وہیں دو پرانے ایسے گیت بھی شامل کیے گئے ہیں جو ہر ایک کی زبان پر ہوتے ہیں اور گہری یوخرستی الٰہیات سے بھر پور ہیں مگر کسی آڈیو سی ڈی یا ڈی وی ڈی کی شکل میں موجود نہیں تھے۔نیز انہوں نے اس پیشکش کے لیے فضیلت مآب آرچ بشپ جوزف ارشد کے کلیدی اور بنیادی کردار کو سراہا اور اْمید ظاہر کی کہ یہ ڈی وی ڈی البم سب کے دلوں اور روحوں میں بس جانے والا البم ہو گا۔ 
بعد ازاں اس ڈی۔وی۔ڈی البم کا انٹرو اور فضیلت مآب آرچ بشپ جوزف ارشد کا پیغام پردہ سکرین پر دیکھایا گیا ۔
علاوہ ازیں اس البم کے گیتوں کی جھلکیاں پرد ہ سکرین پر دیکھائی گئیں۔ جنھیں شرکا ء نے بہت پسند کیا۔اسی البم کا ایک اور خوبصورت گیت ’’یہ روٹی میرا بدن ہے ‘‘جسے جرویز ڈینیل نے گایا اور تقریب میں سٹیج پر پرفار م بھی کیا۔ اور فادرزاور سسٹرز کی آوازوں میں گیت ’’کیتا رحم پیارے یسوع نے‘‘ کو پردہ سکرین پر دیکھایا گیا ۔ 
عزت مآب بشپ جوزف ارشد نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کیتھولک بشپس کانفرنس نے سا لِ رواں کو ’’پاک یو خرست کا 

سال قرار دیا ہے اور یہ سال منانے سے کلیسیا میں روحانی بیداری آئے گی،اس بیداری کو مزید جان دار بنانے میں ویو سٹوڈیونے اپنا اہم کردار ادا کیا ہے اور اب باقی کی ذمہ داری کلیسیا پر عائد ہوتی ہے کہ اس کی تشہیر کے ذریعے ایمانی پرچار میں بھر پور حصہ لیں ۔نیز انہوں نے کلیسیا کے متحد ہونے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کامیابیاں تبھی ملتی ہیں جب سب ملکر کام کرتے ہیں۔ اس ڈی وی ڈی کے حوالے سے منفرد اور نئے تجربہ کے حوالے سے بشپ جی نے کہا کہ اس البم میں بہت سے گیت سسٹرز اور فادرز نے گائے ہیں جو کہ یقیناً ایک کامیاب تجربہ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اس ڈی وی ڈی کی تیاری کے لیے ہمارے پاس وقت بہت کم تھا۔لیکن ہماری ٹیم نے اس وقت کی کمی کا مقابلہ بڑی جواں ہمتی سے کیا ہے نیز انہوں نے اس ڈی وی ڈی کی کامیابی پر سب کو مبارکباد دی اور تمام ٹیم کی کار کردگی کو سراہا ۔

فادر آصف جان نے اپنے خیالات کا اظہار کچھ ان الفاظ میں کیا کہ خداوند ایسے افرد کو اپنی برکات سے مالا مال کرے جو موسیقی اور گیتوں کے ذریعے ہمارے ایمان کو مضبوط کرتے ہیں اور خداوند ہم سب کو توفیق عطا کرے اس سال ہم یوخرست کو اپنی زندگی کا مرکز بناتے ہوئے اس حقیقی قربانی کی طرف جائیں جو کہ ہمارے ایما ن اور کلیسیا کا مرکز ہے۔ آخر میں انہوں نے لطوریائی کمیشن کی جانب سے نئی پروڈکشن کی کامیابی پر پوری ٹیم کو مبارک باد پیش کی۔
ریورنڈ فادر ایوب فرانسس جو کہ آج کل امریکہ میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ میرا ویو سٹوڈیو سے پْرانا ناطہ ہے ۔ ماضی ہی سے ویو اپنی منفرد پروڈکشن کے لیے انفرادیت رکھتا ہے۔ ویو سٹوڈیو کی نئی کاوش ’’ الٰہی محبت ‘‘یوخرستی الٰہیات کی روح کو بیدار کرنے کے لیے اچھی اور قابلِ تعریف ہے ۔نیزا نہوں نے اس البم میں شامل گیتوں کی شاعری ،موسیقی اور ویڈیو کو بہت پسند کیا اور شاعروں اور موسیقاروں کے علاوہ تمام پسِ پردہ کام کرنے والے افراد کی داد رسی کی۔
سسٹر صوفیہ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ویو سٹوڈیو کی کاوشیں ناصرف ماضی میں مقبول رہی ہیں بلکہ آج بھی یہ اپنے معیار کو بلند رکھے ہوئے ہے ۔ انہوں نے یوخرستی البم ’’الٰہی محبت‘‘ کے بارے میں کہا کہ جہاں موسیقی ،ساعری اور خوبصورت آوازوں نے اس پروڈکشن کو دیدہ زیب بنایا ہے وہی اس میں مختلف مسیحی مناظر کا عمدہ چناو بھی اس کے روحانی اور ایمانی احساس کو بیدار کرتا ہے۔
نیز انہوں نے نئی پروڈکشن پر مبارکباد پیش کی اور اْمید ظاہر کی کہ مسیحی تعلیمات کے پرچار اور ایمانی قوت کے فروغ کے لیے ایسی کاوشیں مدد گار ثابت ہوں گی۔ 
’’الٰہی محبت ‘‘ کے گلوکاروں ،موسیقاروں اور شعراء حضرات کو فضیلت مآب آرچ بشپ جوزفکے دستِ مبارک سے ایک ایک اعزازی ڈی وی ڈی سے نوازہ گیا ۔
بعدازاں ویو سٹوڈیو ڈسپلے سنٹر اور سوشل میڈیا مینجرز آفس کو فضیلت مآب آرچ بشپ جوزف ارشد نیاپنے دستِ مبارک سے برکت دی اور ان کا اجرا کیا ۔ ویو سٹوڈیو ڈسپلے سنٹر اور سوشل میڈیا مینجرز آفس رابطہ منزل میں ایک تاریخ سازاضافہ اور ترقی کا نشان ہے۔
اظہارِتشکر کرتے ہوئے فادر قیصر فیروز نے اْمید ظاہر کی کہ کلیسیا ویو سٹوڈیو کی تمام تر کاوشوں سے بھرپور فائدہ اْٹھائے گی۔نیز تمام شرکا اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔ نظامت کے فرائض ارم عمران ،حمیرا پرویزاور عامر سہیل نے ادا کیے۔